Jul ۰۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی اور بیت المقدس کےخلاف صیہونیوں کے تمام منصوبے ناکام ہو جائیں گے، حماس

حماس کے نائب سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف مسجد الاقصی اور سرزمین فلسطین کے دفاع پر زور دیا ہے۔

آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نائب سربراہ اسماعیل ہنیہ نے مسجد الاقصی کی تقسیم کی صیہونی سازش کی بارے میں سخت خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اس وقت اسرائیل کی دہشت گردی، بیت المقدس کو یہودیوں کا شہر بنانے اور اس علاقے کا اسلامی تشخص مٹانے جیسے خطرات کا سامنا ہے۔

حماس کے نائب سربراہ نے عالمی یوم القدس منانے پر دنیا بھر کے مسلمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آئندہ نسلوں کو مسجد الاقصی کی عظمت اور اہمیت سے آگاہ کرنے لئے اس معاملے کو اپنی تہذیب و ثقافت، اور تعلیم و تربیت کا حصہ بنانا ہو گا۔

اسما‏عیل ہنیہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ فلسطینی عوام کی تحریک مزاحمت کے نتیجے میں مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے خلاف دشمن اور صیہونیوں کے تمام منصوبے ناکام ہو جائیں گے۔

درایں اثنا فلسطین کی اسلامی انجمن کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری نے اپنے ایک خطاب میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت مسلمانوں کو مسجد الاقصی سے محروم کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

ٹیگس