Jul ۰۴, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۶ Asia/Tehran
  • آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں عوام کا دھرنا تیسرے ہفتے میں داخل

بحرین کی اکثریتی شیعہ آبادی کے رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں عوام کا دھرنا تیسرے ہفتے میں داخل ہو گیا۔

ہمارے نمائندے کے مطابق بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے محاصرے کے باوجود ہزاروں بحرینی شہری دارالحکومت منامہ کے نواحی علاقے الداز میں اپنے محبوب قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر دو ہفتے سے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔

بحرین کے دیگر شہروں کے لوگوں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی مظاہرے اور جلوس نکال کر شاہی حکومت کی جانب سے ان کی شہریت منسوخ کئے جانے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔

دوسری جانب بحرین کے چودہ فروری اتحاد کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں ایک اسکول ٹیچر کے قتل کے بارے میں اہم انکشاف کیا گیا ہے، اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکول ٹیچر فخریہ مسلم شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہوئی ہیں۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ بحرین کی الجو جیل کے قیدیوں نے سیکورٹی اہلکاروں کی بدسلوکی اور ایذا رسانی کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اس ملک کے عوام سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کے خاتمے اور عوام کی منتخب کردہ جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس