شام کے شمالی صوبے حلب میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
شامی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے صوبہ حلب میں دسیوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے
حلب سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے حلب کے شمالی مضافات میں اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کم سے کم اسّی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے اس درمیان شامی فوج نے حلب کے شمال میں اللیرمون کے علاقے میں دو رہائشی مقامات پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے-
دریں اثنا عوامی رضاکارفورس نے حندرات کیمپ میں دہشت گردوں کی دفاعی لائنوں کو توڑ تے ہوئے المداجن اور الکروم کے علاقوں کو پوری طرح اپنے قبضے میں لے لیا ہے - شامی فضائیہ نے بھی صوبہ حلب کے کاستیلو شاہراہ کے اطراف اور الملاح زرعی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید حملے کئے ہیں -
شامی فضائیہ کی اس کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے قبضے سے نکل جانے والے علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کی ان کی کوشش ناکام ہوگئی ہے - ادھر دیرالزور میں بھی شامی فضائیہ کے لڑاکاطیاروں نے الگ الگ مقامات پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کرکے ان کی متعدد گاڑیوں کو تباہ کر دیا ہے - دمشق کے مشرقی مضافات میں واقع المنقورہ میں بھی داعش کے ٹھکانوں پر شامی فضائیہ نے حملہ کیا ہے -