شام: فوج کے آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک
شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے شمالی صوبے حلب کے مزید علاقوں کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج اورعوامی رضاکارفورس کے جوانوں نے حلب کے ضلع لیرمون کے متعدد علاقوں سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا ہے۔ اس کارروائی میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ ہوگیا۔
شامی فوج کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ حمص کے شہر پالمیرہ کے نواحی علاقے السخن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور رسد کے راستوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں داعشی دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے اور گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
مشرقی شام کے صوبے دیرالزور میں بھی شامی فوج نے داعشی دہشت گردوں کے دو اہم اڈوں اوران کی متعدد گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔
مغربی شام کے صوبے حما میں شامی فوج نے دہشت گردوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ حما کے مختلف علاقوں میں شامی فوج کی کارروائیوں میں کم سے کم سو دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کی متعدد گاڑیاں اور کنٹرول روم تہس نہس ہوگئے ہیں۔
جنوبی صوبے درعا میں شامی فوج کے تابڑ توڑ حملوں کے دوران جبہۃ النصرہ نامی دہشت گرد گروہ کے درجنوں عناصر ہلاک ہوگئے ہیں۔