صیہونیوں کے مظالم کے خلاف فلسطینیوں کی جوابی کارروائیاں
اسرائیلی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے فلسطینیوں کے ایک گروپ نے غرب اردن میں صیہونی آباد کاروں کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔
فلسطین نیوز نیٹ ورک پی این این اور اسرائیلی ذرائع ابلاغ دونوں نے مقبوضہ بیت لحم کے قریب واقع ایک کوہستانی علاقے میں صیہونی آبادکاروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کی خـبر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ، فلسطینیوں کے ایک گروپ کے افراد نے مقبوضہ بیت لحم کے قریب واقع ابوغنیم اور زعترہ ٹاؤن کے درمیانی کوہستانی علاقے میں صیہونی آبادکاروں کی گاڑیوں پرگولیاں چلائیں اور اس کے بعد وہ روپوش ہوگئے۔ واقعے کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے اس علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
قبل ازیں ایک فلسطینی نوجوان نےالخلیل شہر کے قریب واقع صیہونی بستی کریات اربع ٹاؤن میں صیہونی فوج کی ایک گاڑی کو الٹ دیا تھا جس کے نتیجے میں چاراسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کے نتیجے میں اسرائیل کے خلاف تیسری تحریک انتفاضہ شروع ہوگئی ہے جسے تحریک انتفاضہ قدس کا نام دیا گیا ہے۔
یکم اکتوبردوہزار پندرہ سے جاری تحریک انتفاضہ قدس کے دوران صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں میں دوسو پچیس سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ فلسطینیوں کے جوابی حملوں میں کم سے کم چالیس صیہونی فوجی بھی مارے گئے۔