Jul ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • افغان مہاجرین کو علاج کی مفت سہولت دینے کا اعلان

ایران میں مقیم افغان مہاجرین کو علاج معالجے کی سہولتیں مفت فراہم کی جائیں گی۔

 تہران کے گورنر ہاوس میں غیرملکیوں اور افغان مہاجرین کے امور کی انچارج میترا قدیمی نے فارس نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل بیمہ کے نئے منصوبے کے تحت افغان مہاجرین کا علاج معالجہ مفت کیا جائے گا۔

انہوں نے افغان مہاجرین کے لیے میڈیکل بیمہ رجسٹریشن کے طریقۂ کار کے بارے میں کہا کہ پچھلے ایک سال کے دوران افغان مہاجرین کے نمائندوں کے ساتھ کئی اجلاس ہوئے ہیں۔ میترا قدیمی نے کہا کہ افغان علما، ڈاکٹروں، کھلاڑیوں اور طلبہ برادری نے اس سلسلے میں ہماری کافی مدد کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایت کے مطابق ایران میں مقیم تمام افغان بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت دینے کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے۔ ایران کی وزارت تعلیم کے مطابق نئے تعلمی سال کے آغاز سے ایران میں قانونی اورغیرقانونی طورپرمقیم افغان مہاجرین کے بچوں کو قریب ترین اسکولوں میں داخلہ دیا جائے گا اور اس کے لیے ان سے کوئی فیس بھی وصول نہیں کی جائے گی۔ اعداد و شمار کے مطابق ایران میں تقریبا پچیس لاکھ افغان مہاجرین مقیم ہیں۔

ٹیگس