یمن پر سعودی عرب کی بمباری کا سلسلہ جاری
-
سعودی عرب یمن پر سترہ ماہ تک مسلسل حملے کرنے کے باوجود یمن کی فوج اور عوامی تحریک انصاراللہ کی طاقت کم نہیں کرسکا ہے۔
سعودی عرب کی زیر قیادت اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کے دن یمن کے صوبوں تعز، صعدہ اور دارالحکومت صنعا پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد نے ہفتے کے دن سہ پہر کے وقت جنوبی یمن میں واقع تعز کے مختلف علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔
یمن کے شمالی علاقے میں واقع صوبہ صعدہ اور دارالحکومت صنعا کے مشرقی علاقوں پر بھی سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے کی صبح بمباری کی۔
سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ مآرب کے شہر صرواح اور مطار علاقے کو بھی اپنی بمباری کا نشانہ بنایا۔
دریں اثناء یمن کی فوج نے شمالی یمن میں سرحدی علاقے جیزان میں سعودی عرب کے فوجیوں کے ٹھکانوں پر توپخانے سے حملہ کیا۔ جس کے نتیجے میں سعودی فوجیوں کا جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
سعودی عرب یمن پر سترہ ماہ تک مسلسل حملے کرنے کے باوجود یمن کی فوج اور عوامی تحریک انصاراللہ کی طاقت کم نہیں کرسکا ہے بلکہ اسے خود شدید فوجی، اقتصادی اور سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔