Oct ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
  • آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں ان کے گھر کے سامنے بحرینی مسلمانوں کا جاری دھرنا پانچویں ماہ میں داخل ہو گیا۔
    آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں ان کے گھر کے سامنے بحرینی مسلمانوں کا جاری دھرنا پانچویں ماہ میں داخل ہو گیا۔

بحرین میں آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں اس ملک کے عوام کا دھرنا بدستور جاری ہے۔

لبنان کے المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے نامور عالم دین آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں ان کے گھر کے سامنے بحرینی مسلمانوں کا جاری دھرنا پانچویں ماہ میں داخل ہو گیا۔ یہ دھرنا ایسی حالت میں جاری ہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے بحرینیوں کے دھرنے اور احتجاج کو کچلنے کے لئے ہر طرح کی جارحیت کا ارتکاب کیا ہے۔

دوسری جانب آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت کرنے والے بحرینی علمائے کرام اور عمائدین کے خلاف غیرقانونی اقدامات کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت، یوم عاشور کے بعد سے خطباء و مقررین کو گرفتار کر رہی ہے اور اب تک کئی شخصیات کو طلب کر کے ان سے تفتیش بھی کی جا چکی ہے۔ دریں اثنا بحرین کے علمائے کرام نے ایک بیان میں آل خلیفہ حکومت کی جانب سے عوام پر مظالم بند اور خطباء و مقررین کو رہا نیز سیاسی عمل کا آغاز کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

واضح رہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے جون دو ہزار سولہ سے اس ملک کے معروف عالم دین آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت ختم کر دی ہے جس پر بحرین سمیت دنیا کے تمام شیعہ مسلمانوں کی جانب سے سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

ٹیگس