Oct ۲۱, ۲۰۱۶ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • شام میں دہشت گردوں کے لئے بیرونی حمایت، انسانی المیے کا باعث

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے بیرونی ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت کو شام میں انسانی المیہ رونما ہونے کی اصلی وجہ قرار دیا ہے-

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے شام کی صورتحال کے جائزے کے لئے جنرل اسمبلی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کہا کہ بیرونی ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت، کہ جو شام کی سرحدوں پر کنٹرول نہ ہونے کے سبب اس ملک میں داخل ہوگئے ہیں، مشرقی حلب میں انسانی المیہ رونما ہونے اور ابتر صورتحال پیدا ہونے کا سبب بنی ہے-

خوشرو نے مزید کہا کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران شہر حلب اور شام کے بعض علاقوں کی صورتحال بہت زیادہ تشویشناک رہی ہے اور ان علاقوں کے عوام کے رنج و الم کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے-

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا کہ شامی عوام تک امداد پہنچانے اور مشرقی حلب سے زخمیوں کو باہر نکالنے کے لئے جنگ بندی کا قیام ، نیز آبادی والے علاقوں سے مسلح افراد کے انخلاء اور بے گناہ عوام کے قتل عام  اور ان علاقوں کو تباہ و برباد کئے جانے کی روک تھام کے لئے ، شام کے حالات کو بہتر بنانا ضروری ہے-

خوشرو نے شام کی حکومت کی جانب سے یکطرفہ جنگ بندی کے اعلان اور روس کی جانب سے اس جنگ بندی کی حمایت کو منطقی اقدام قرار دیا اور کہا کہ مشرقی حلب میں غیر ملکی  جنگجوؤں اور دہشت گردوں کی موجودگی جاری رہنے کی صورت میں اس علاقے کی صورتحال متزلزل ہوجائے گی اور ہر لمحہ دوبارہ جھڑپیں شروع ہوجانے کا امکان موجود رہے گا -

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ حقیقت پسندی کے ساتھ اور مشرقی حلب کی موجودہ ضرورتوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دیگر ملکوں کو اس بحران کے خاتمے میں تعمیری شراکت کی ترغیب دلائے اور ان اہم اقدامات پرعملدرآمد کوآسان بنائے- 

ٹیگس