ایران کے بارڈر گارڈز کے کمانڈر ایک فوجی وفد کے ساتھ پاکستان کے شہر کراچی پہنچے
اسلامی جمہوریہ ایران کے بارڈر گارڈز کے کمانڈر ایک فوجی وفد کے ساتھ کراچی پہنچے ہیں جہاں وہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی مشقوں "باراکوڈا تھرٹین" میں مبصر کے طور پر شرکت کریں گے۔
سحرنیوز/ایران: بین الاقوامی مشقیں "باراکوڈا تھرٹین" بحیرہ عرب میں انیس ممالک کی شرکت سے منعقد کی جا رہی ہے اور ان کا مقصد تلاش اور بچاؤ کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا، بحری تعاون کو بڑھانا اور علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔
جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر بارڈر گارڈ کے کمانڈر سردار احمد علی گودرزی اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان کا استقبال، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے بعض اہلکاروں کے علاوہ کراچی میں ایرانی قونصل اکبر عیسی زادہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج سے وابستہ کرنل محمد محسن شہابی نے کیا-
ایرانی بارڈر گارڈز کے وفد کا یہ دورہ، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پی ایم ایس اے کے ڈائریکٹر جنرل کی دعوت پر دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور سمندری حدود اور سرحدی سیکورٹی کے شعبے میں تیرہویں باراکوڈا فوجی مشقوں کے مبصر کے طور پر شرکت کے لیے انجام پا رہا ہے۔
سردار گودرزی پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ایڈمرل شہزاد اقبال سے ملاقات کریں گے اور باراکوڈا تھرٹین مشقوں میں شرکت کریں گے۔
ایران کے سرحدی محافظ وفد کے سربراہ اور ارکان ان مشقوں کے موقع پر پاکستانی حکام سے ملاقات کریں گے اور علاقائی سلامتی میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔
تیرھویں باراکوڈا مشقیں کل سے انیس ممالک کی شرکت سے شروع ہونگی اور جمعرات تک جاری رہیں گی۔
ہمیں فالو کریں:
Followus: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel