Dec ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: انڈیگو کے بعد ایک اور اقتصادی سونامی، شیئر بازار میں آیا زبردست زلزلہ، 8 لاکھ کروڑ روپے ڈوبے

ہندوستان میں ایک کے بعد ایک اقتصادی جھٹکے لگ رہے ہیں۔ ان سب ہی جھٹکوں کی وجہ سے سب سے زیادہ عام آدمی کو نقصان پہچ رہا ہے۔ پیر کو شیئر بازار میں زبردست زلزلے کے جھٹکے دیکھنے کو ملے۔ جس کی وجہ سے چند گھنٹوں میں ہی سرمایہ کاروں کے 8 لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستان کے مرکزی بینک "آر بی آئی" ریپو ریٹ میں تخفیف، بینکوں کو تقریباً ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے کی لیکویڈیٹی سپورٹ اور نیوٹرل اسٹانس وغیرہ کو دیکھتے ہوئے امید کی جا رہی تھی کہ پیر کے روز شیئر مارکیٹ میں تیزی رہے گی، لیکن اس کا بالکل برعکس دیکھنے کو ملا ہے۔ عام لوگوں کی سوچ کو دھول میں اڑاتے ہوئے شیئر بازار نے ایسا غوطہ لگایا کہ عام سرمایہ کاروں کے کچھ ہی گھنٹوں میں تقریباً 8 لاکھ کروڑ روپے ڈوب گئے۔ اعداد و شمار کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ سنسیکس میں 800 سے زیادہ پوائنٹس کی گراوٹ ہوئی ہے۔ دوسری طرف نفٹی میں 280 سے زیادہ پوائنٹس کی گراوٹ دیکھنے کو ملی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیگو کے شیئرس میں آئی گراوٹ کے سبب حالات بہت خراب ہو گئے۔ آئندہ ہفتہ فیڈ کی میٹنگ ہونے والی ہے، جن میں 25 بیسس پوائنٹس کی تخفیف ہونے کے آثار ہیں۔ حالانکہ دنیا کے باقی ممالک کے سنٹرل بینک شرح سود پر ’پاؤز‘ بٹن دبا سکتے ہیں۔ ایسے میں سرمایہ کاروں کی طرف سے بہت محتاط رخ اختیار کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ روپے میں گراوٹ اور خام تیل کی قیمتوں میں تیزی بھی شیئر بازار میں گراوٹ کے اہم اسباب میں شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بامبے اسٹاک ایکسچینج کا اہم انڈیکس سنسیکس 805.47 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 84906.90 پوائنٹس پر دکھائی دیا۔ آج سنسیکس 85624.84 پوائنٹس پر کھلا تھا۔ جمعہ کو سنسیکس تیزی کے ساتھ 85712.37 پر بند ہوا۔ ویسے دوپہر 2 بجے سنسیکس تقریباً 745 پوائنتس کی گراوٹ کے ساتھ 84969.11 پوائنٹس پر کاروبار کرتا نظر آیا۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

دوسری طرف نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا اہم انڈیکس نفٹی بھی بہت بڑی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہا ہے۔ کاروباری سیشن کے دوران نفٹی تقریباً 280 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 25922.10 پوائنٹس پر آ گیا۔ نفٹی آج 26159.80 پوائنٹس کے ساتھ اوپن ہوا تھا۔ بوقت دوپہر نفٹی 253.60 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 25932.60 پوائنٹس پر کاروبار کرتا ہوا نظر آیا۔

ٹیگس