ایرانی وزیر خارجہ باکو میں، صدر الہام علی اوف سے اہم ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے دورہ باکو کے موقع پر آذربائيجان کے صدر الہام علی اوف سے ملاقات کی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہمسائگی اور سیاسی معاملات، خطے کے حالات اور عالمی تغیرات کا جائزہ لیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس موقع پر صدر پزشکیان کا سلام اور دوستی کا پیغام بھی الہام علی اوف کو پیش کیا اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید فروغ پر زور دیا۔ اس ملاقات میں سید عباس عراقچی نے کہا کہ دو ہمسایہ ملک کی حیثیت سے، ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کو طویل المیعاد تعلقات پر زور دینا چاہیے۔
اس موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدرالہام علی اوف نے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ان کا سلام صدر مسعود پزشکیان کو پہنچانے کے لیے کہا اور صدر ایران کے گزشتہ دورہ باکو کو انتہائی مفید اور مؤثر قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر خارجہ عراقچی اتوار کی شام کو باکو کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اس دورے میں ان کی ملاقات اپنے آذری ہم منصب اور جمہوریہ آذربائيجان کے دیگر حکام سے بھی طے ہے۔
گزشتہ روز ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اس بارے میں کہا تھا کہ تہران، باکو کے ساتھ تعلقات کے لیے خاص اہمیت کا قائل ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان دو ہمسایہ اور ہم مذہب ملک ہیں جن کی مشترکہ ثقافت اور تاریخ ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Followus: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel