Oct ۲۲, ۲۰۱۶ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • اسلامی بیداری کی عالمی کونسل کے سیکریٹری جنرل، ڈاکٹر علی اکبر ولایتی
    اسلامی بیداری کی عالمی کونسل کے سیکریٹری جنرل، ڈاکٹر علی اکبر ولایتی

اسلامی بیداری کی عالمی کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ بغداد میں اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کی سپریم کونسل کے اجلاس کا انعقاد دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقے کی مظلوم قوم کی حمایت کے لیے سنجیدہ ارادے کی نشانی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے جمعہ کے روز بغداد میں اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کے نویں اجلاس کے باضابطہ افتتاح سے قبل نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ عراق اور شام سمیت علاقے کی مظلوم قوموں اور قانونی حکومتوں کی حمایت اسلامی جمہوریہ ایران کی حتمی پالیسی ہے اور یہ حمایت ان ملکوں کی درخواست پر سیاسی طور پر اور مشاورت کی صورت میں انجام پا رہی ہے کہ جو علاقے میں دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کی شکست اور مستقبل کی فتح کے لیے امید کی کرن ہے۔

انھوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ایران موصل کی آزادی کے آپریشن میں براہ راست شریک نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران گزشتہ پانچ سال سے انتہا پسند اور تکفیری گروہوں کا مقابلہ کرنے اور دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف جنگ میں علاقے کی قوموں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کی سپریم کونسل کا نواں اجلاس ہفتے کے روز دوست اور برادر ملک عراق اور مجلس اعلی عراق کے سربراہ سید عمار حکیم کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ امت اسلامی کے درمیان اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے اور علاقے میں سازشی اور تفرقہ انگیز عناصر کا بھرپور مقابلہ کرنے کے سلسلے میں موثر ثابت ہو گا۔

ٹیگس