Nov ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • کربلا میں زائرین امام حسین کی تعداد میں ہر لمحے اضافہ

عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں زائرین امام حسین کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے-

ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق ان دنوں دسیوں لاکھ  زائرین ، زیارت سید الشھدا کی غرض سے کربلا پہنچ چکے ہیں اور اس وقت بھی لاکھوں کی تعداد میں زائرین ، نجف سے کربلا کی جانب پیادہ رواں دواں ہیں جو اربعین امام حسین کے روز کربلا پہنچیں گے- بتایا جارہا ہے کہ جو زائرین بغداد کے راستے سے کربلا کی طرف جا رہے ہیں ان کی تعداد چالیس لاکھ کے قریب ہے- حکومت عراق نے اس راستے میں زائرین کو سیکورٹی اور ان کو سہولتیں فراہم کرنے کے بہترین انتظامات کئے ہیں-

در ایں اثنا ایران کے وزیر داخلہ عبدالرحمن فضلی نے ہمارے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں ایران کے بیس لاکھ سے زائد زائرین کی کربلا روانگی کے پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  اربعین حسینی میں شرکت کرنے والے ایرانی زائرین جو عراق میں داخل ہونا چاہتے ہیں وہ شلمچہ اور چذابہ کی سرحدوں سے عراق میں داخل ہوں، اس لئے کہ مہران کی سرحد بند کردی گئی ہے- رحمانی فضلی نے کہا کہ پولیس ، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور رضاکار فورس نے زائرین کو مکمل سیکورٹی فراہم کی ہے- 

دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹلی جنس محمود علوی نے بھی چذابہ سرحد پر زائرین کی آمد و رفت کا جائزہ لیا اور نامہ نگاروں کے اجتماع میں کہا کہ اربعین حسینی مسلمانوں کا عظیم اجتماع ہے جو مسلمانوں اور شیعوں کی طاقت مظہر ہے- وزیر انٹلی جنس نے مزید کہا کہ اس سال اربعین حسینی میں شرکت کرنے والوں کے لئے، عراقی عوام اور مختلف تنظیموں نے بہترین خدمات پیش کی ہیں جو گذشتہ دوبرسوں کی نسبت دوگنا ہیں -

صوبہ کرمانشاہ کی اربعین حسینی کمیٹی کے سربراہ جعفر ہمتی نے بھی ارنا کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ کرمانشاہ میں عراقی قونصل خانے نے ستر ہزار سے زائد زائرین کے ویزے جاری کئے  ہیں جبکہ  عراقی سفارتخانے نے بھی اب تک ساڑھے سترہ لاکھ ویزے، ایرانی زائرین کے لئے صادر کئے ہیں-           

ٹیگس