Dec ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۴:۱۴ Asia/Tehran
  • حلب کی آزادی مغرب اور علاقے میں ان کے حامیوں کی شکست ثابت ہوگی ، صدر بشاراسد

شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ دمشق اور حمص کے بعد بہت جلد ہی حلب میں دہشت گردوں کو شکست دے دی جائے گی -

شام کے صدر بشار اسد نے حلب میں شامی فوج کی تیز رفتار پیشقدمی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ حلب شہر کی مکمل آزادی کے بعد شام میں جنگ کا نقشہ پوری طرح تبدیل ہو جائے گا - شام کے صدر بشار اسد نے روزنامہ الوطن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شامی حکومت نے ملک کے چپے چپے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کا تہیہ کررکھا ہے اور حلب کو بھی پوری طرح آزاد کرا لیا جائے گا - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ حلب کی مکمل آزادی کے بعد مغرب اوردہشت گردوں کے لئے کچھ بھی باقی نہیں رہے گا کہا کہ حلب کی آزادی کا مطلب مغرب اورعلاقے میں ان کے حامیوں کے منصوبوں کی ناکامی اور شکست ہے - بشاراسد نے کہا کہ ترکی نے بھی مغربی ملکوں کے ساتھ ساتھ اپنا سب کچھ حلب میں لگا دیا ہے اور ترک صدررجب طیب اردوغان نے پوری کوشش کر ڈالی ہے کہ حلب آزاد نہ ہوسکے - شام کے صدر نے ملک کے بحران کے حقیقی اورعملی حل کے لئے قومی آشتی کو ہی واحد راستہ قراردیا اور کہا کہ حکومت ان سبھی مخالفین سے جنھوں نے دہشت گردوں کا ساتھ نہیں دیا ہےاور دوسرے ملکوں کے آلہ کار نہیں بنے ہیں بات چیت کرنے کے لئے تیار ہے- واضح رہے کہ شامی فوج نے نومبر کے وسط سے حلب کے مشرقی علاقوں کو آزاد کرانے کے لئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیا شروع کررکھی ہیں اور پچھلے چند روز کے دوران شامی فوج نے حلب میں دہشت گردوں کے زیرقبضہ اسّی فیصد علاقوں کو آزاد کرالیا ہے

 

ٹیگس