Dec ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۴:۵۵ Asia/Tehran
  • مشرقی موصل کے بیشتر علاقوں پر عراقی فوج کا کنٹرول

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے مشرقی موصل کا پچھتر فی صد سے زائد علاقہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔

عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے آپریشنل کمانڈر عبدالوہاب الساعدی نے کہا ہے کہ صوبہ نینوا کے چھپین میں سے چالیس علاقے اس وقت عراقی سیکورٹی فورس کے مکمل کنٹرول میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے موصل کی آزادی کے لیے جاری آپریشن کے دوسرے مرحلے میں باقی ماندہ علاقے بھی داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرا لیے جائیں گے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے موصل اور شام کی سرحد سے ملنے والی تمام گزرگاہوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حیدر العبادی نے سترہ اکتوبر کو موصل کی آزادی کے لیے بڑے فوجی آپریشن کا حکم دیا تھا جس میں عراقی فوج، پولیس، عوامی رضاکار فورس اور کرد پیش مرگہ ملیشیا کے ساٹھ ہزار جوان حصہ لے رہے ہیں۔

ٹیگس