مقبوضہ فلسطین کے علاقوں پر یمنی فوج اور عراق کی اسلامی مزاحمتی تنظیم کے مشترکہ حملے
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے مقبوضہ فلسطین کے علاقوں اشدود اور حیفا پر اس ملک کی مسلح افواج اور عراق کی اسلامی مزاحمتی تنظیم کے مشترکہ ڈرون اور میزائل حملے کی خبر دی ہے-
سحرنیوز/ عالم اسلام: ہمارے نامہ نگار کے مطابق، یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا کہ یمن کی مسلح افواج نے عراق کی اسلامی مزاحمت کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں، مقبوضہ بندرگاہ اشدود اور حیفا بندرگاہ کو کروز میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔
یحیی سریع نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یمن کی مسلح افواج نے صیہونی دشمن کے ساتھ تعاون کرنے اور ان کے بحری جہازوں کے مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں میں داخل ہونے کے نتائج سے خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ بحیرہ احمر میں بغیر پائلٹ کی کشتیوں، بیلسٹک میزائلوں اور ٹیوٹر نامی اینٹی شپ ڈرون کے ذریعے ایک بحری جہاز کے خلاف خصوصی آپریشن کیا جس کے نتیجے میں وہ غرق ہوگیا-
حالیہ مہینوں میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی مزاحمت کی حمایت میں یمنی فوج نے بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں متعدد صہیونی بحری جہازوں یا مقبوضہ علاقوں کے لیے جانے والے دیگر ملکوں کے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یمنی فوج نے عہد کیا ہے کہ جب تک صیہونی حکومت غزہ پر اپنے حملے بند نہیں کرتی اس وقت تک اس حکومت کے بحری جہازوں یا بحیرہ احمر میں مقبوضہ علاقوں کے لیے جانے والے بحری جہازوں پر حملے جاری رکھیں گے۔