شام کا شہر حلب ، دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزاد، عوام میں جشن کا سماں
شام کے شمالی شہر حلب کے عوام نے دہشت گردوں کے قبضے سے اس شہر کی مکمل آزادی اور اسے دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کے اعلان کے بعد سڑکوں پر نکل کر جشن منایا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی رات حلب شہر سے دہشت گردوں کے آخری گروہ کے نکلنے اور اس شہر کے دہشت گردوں سے پاک ہونے کے اعلان کے بعد حلب کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور انھوں نے اللہ اکبر کے نعرے بلند کیے اور مسجدوں سے آذانوں کی آوازیں گونج اٹھیں۔
حلب کے مغربی علاقوں کی سڑکوں پر گاڑیوں کا ہجوم تھا اور لوگ گاڑیوں کے ہارن بجا رہے تھے اور ہوائی فائرنگ کر رہے تھے۔ شام کی مسلح افواج نے جمعرات کی رات ایک بیان میں حلب شہر کے دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل آزاد ہونے کا اعلان کیا تھا۔
فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حلب میں امن و امان کی بحالی ایک ایسی کامیابی اور فتح ہے کہ جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم موڑ اور اسٹریٹیجک تبدیلی نیز دہشت گردانہ منصوبوں اور ان کے حامیوں پر ایک کاری ضرب شمار ہوتی ہے۔
دوسری جانب شامی فوج کے ایک دستے کی داعش کے ان دہشت گردوں سے جھڑپ ہوئی ہے کہ جنھوں نے دیرحافر کی جانب سے حلب سے ساٹھ کلومیٹر دور کیڈٹ کالج کےاطراف میں شامی فوج کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔ اس جھڑپ میں کم سے کم ایک سوبیس دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ بہت سے دہشت گردوں نے اپنے ہتھیار زمین پر ڈال دیئے اور خود کو شامی فوج کے حوالے کر دیا ہے۔ جبکہ فتح الشام دہشت گرد گروہ کا ایک سرغنہ بھی مشرقی غوطہ کے علاقے میں شامی فوجیوں کے ہاتھوں ہلاک ہو گیا ہے۔