Jan ۰۶, ۲۰۱۷ ۱۴:۰۱ Asia/Tehran
  • افغانستان میں منشیات کی پیداوار میں اضافے پر روک لگانے کی ایران کی کوشش

اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ انسداد منشیات کی پولیس کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ ایران مشرقی سرحدوں پر اپنی توجہ مرکوز اور جدید ترین آلات و وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے افغانستان میں منشیات کی پیداوار میں اضافے کو روکنے کی کوشش کررہا ہے-

ایران کے انسداد منشیات کے ادارے کی پولیس کے نائب سربراہ مجید کریمی نے  سرکاری ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوہزار سولہ میں افغانستان میں منشیات کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے اور اقوام متحدہ نے اس کی مقدار تقریبا پانچ ہزار چھے سوٹن بتائی ہے - انہوں نے کہا کہ ان میں سے پینتیس فیصد منشیات ایران کے راستے دوسرے ملکوں کے لئے اسمگل کی جاتی ہیں - ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے منشیات کی لعنت کا مقابلہ کرنے کے لئے اب تک تین ہزار سات سو پولیس کے جوانوں کی قربانی دی ہے جبکہ بارہ ہزارایرانی پولیس اہلکار منشیات کے اسمگروں کے ساتھ ہونےوالی لڑائیوں میں زخمی ہوچکے ہیں-

انسداد منشیات کے محکمے کی پولیس کے نائب سربراہ مجید کریمی نے کہاکہ مشرقی سرحدوں پر توجہ کو مرکوز رکھنا ، پولیس اور سیکورٹی جوانوں کی تقویت اور جدید ترین آلات ووسائل کے ذریعے جرائم کا پتہ لگانا، اس شعبے میں انٹیلی جنس سسٹم اور ٹیموں کی تقویت، دوہزار سترہ کے ہمارے پروگراموں سرفہرست ہے - انہوں نے بتایا کہ گذشتہ نو مہینے کے دوران ایران کے راستے اسمگل کی جانی والی منشیات میں سے پانچ سو چودہ ٹن منشیات کو ضبط کیا گیا ہے اور یہ مقدار گذشتہ برس اسی عرصے کے مقابلے میں پندرہ فیصد زیادہ ہے- یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران وہ واحد ملک ہے جو منشیات کا پوری سنجیدگی کے ساتھ مقالبہ کرتا ہے - افغانستان میں امریکا اور برطانیہ کی فوجی موجودگی، مالی بدعنوانی اور ساتھ ہی  بین الاقوامی مافیا گروہوں کی افغانستان میں سرگرمی اس ملک میں منشیات کی پیداوار میں اضافے کا اہم سبب شمار ہوتی  ہے -

ٹیگس