عراقی فوج کے ہاتھوں البغدادی کا نائب اور سینکڑوں داعشی ہلاک
عراق کے سیکورٹی ذرائع نے شمالی عراق کے شہر موصل میں اس ملک کی فضائیہ کے حملے میں داعش دہشت گرد گروہ کے سرغنہ کے نائب کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے ایک سیکورٹی ذریعے نے صوبہ نینوا میں اعلان کیا ہے کہ موصل کے الاصلاح الزراعی علاقے میں عراقی فضائیہ کے حملے میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے نائب ابو لؤی سمیت داعش کے پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے- ایک اور خبر یہ ہے کہ پیر کی رات مغربی موصل کے الحدباء علاقے میں داعش دہشت گرد گروہ کے سرغنوں کے ہیڈ کوارٹر پر عراقی فوج کے ہوائی حملے کے نتیجے میں الخلافہ تحریک کا سربراہ احمد العجمی، داعش دہشت گرد گروہ کا فوجی عہدیدار حازم العکیدی اور ایک اور سرغنہ محمود الخاتونی ہلاک ہو گیا- عراقی فوج نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اس ملک کے لڑاکا طیاروں نے شمال مغربی موصل کے الرشیدیہ اور شریخان العلیا علاقوں میں کاروں میں بم نصب کرنے والے دو کارخانوں کو تباہ کر دیا- صوبہ نینوا کی آزادی کے آپریشن کمانڈر نے پیر کے روز موصل کے علاقوں میں عراقی فورسز کے ہاتھوں کم از کم دو سو داعشیوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے- عراق کے پریس الغد کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ نینوا کے آپریشن کمانڈر میجر جنرل عبدالامیر رشید یاراللہ نے کہا کہ عراقی فورسیز نے موصل کے شمال، مشرق، جنوب اور جنوب مغربی علاقوں میں اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے کم از کم دو سو داعشیوں کو ہلاک کر دیا ہے اور ان کی متعدد بم نصب شدہ گاڑیوں اور اسی طرح داعش کے خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کر دیا- عراقی فورسزنے اسی طرح داعش کے ایک ڈرون طیارے کو بھی مار گرایا- عراقی فوج، مشرقی موصل میں پیشقدمی کرتے ہوئے اس شہر کی یونیورسٹی کے نزدیک دہشت گردوں کے ایک اہم ترین ٹھکانے تک پہنچ گئی- عراقی فوج نے اس سے قبل بھی مشرقی موصل کے علاقوں السکر، البلدیات اور فلسطین کو بھی داعشیوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا- عراقی فوج اب تک موصل کے ایک بڑے علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا چکی ہے اور دریائے دجلہ کے قریب پہنچ گئی ہے- " نینوا آئیں گے" سے موسوم آپریشن کمانڈر نے کہا ہے کہ داعش دہشت گردوں کے قبضے سے مشرقی موصل کے پچہتر فیصد علاقوں کو آزاد کرایا جا چکا ہے اور آئندہ دنوں میں اسے مکمل طور پر آزاد کرا لیا جائے گا- ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق "نینوا آئیں گے" نامی آپریشن کے کمانڈر عبداللہ الامیر یاراللہ نے اعلام کیا ہے کہ عراقی فوج نے مشرقی موصل کے ایک علاقے کو مکمل طورپر آزاد کرا لیا ہے اور عراق کا پرچم اس علاقے کی عمارتوں پر نصب کر دیا گیا ہے-