دمشق کے فوجی ہوائی اڈے پر حملہ، شامی فوج کا صیہونی حکومت کو انتباہ
شام کی مسلح افواج نے دمشق کے المزہ فوجی ہوائی اڈے پر صیہونی حکومت کے ہوائی حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس حکومت کو اس کھلی جارحیت کے نتائج کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شام کی مسلح افواج کی کمانڈ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ دمشق کے المزہ ہوائی اڈے پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کے حملے سے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کے عزم و ارادے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور شام دہشت گردی کے خلاف جنگ کو بدستور جاری رکھے گا اور دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر دے گا۔صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے دہشت گردوں کی حمایت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خلل ڈالنے کے لیے جمعرات کی رات دمشق کے المزہ فوجی ہوائی اڈے پر حملہ کیا جس کے باعث وہاں پر آگ لگ گئی۔ صیہونی حکومت نے اس ہوائی اڈے پر دوسری مرتبہ حملہ کیا ہے۔ بحران شام کے آغاز سے لے کر اب تک صیہونی حکومت نے کئی بار دہشت گردوں کی حمایت کے مقصد سے شام کے مختلف علاقوں میں شامی فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ شام کے صدر بشار اسد کا کہنا ہے کہ شام کے بحران میں صیہونی حکومت کی فوج خاص طور پر اس کی فضائیہ، دہشت گردوں کی فضائیہ کا کردار ادا کررہی ہے۔