حمص میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
شامی فوج نے حمص میں اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے داعش کے تیس سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے -
پرس ٹی وی نے خبردی ہے کہ شامی فوج نے داعش کے عناصر پر جو حمص صوبے کی تیاس فضائی چھاؤنی کی جانب بڑھنا چاہتے تھے حملہ کرکے اٹھارہ دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا - شامی فوج نے پندرہ دیگر دہشت گردوں کو پالمیرا کے مغرب میں ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شریفہ نامی گاؤں میں ایک کارروائی کے دوران ہلاک کردیا- اس کارروائی میں شامی فوج نے داعش کے بہت سے ہتھیاروں اور ان کی متعدد بکتر بندگاڑیوں کو تباہ کردیا - دریں اثنا شام میں انسانی حقوق کے مبصرین نے کہا ہے کہ حمص کی لڑائیوں میں بارہ شامی فوجی بھی مارے گئےہیں- چند روزقبل شامی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ فوج نے حمص کےمشرق میں ٹی فور ہوائی اڈے پر داعش کے حملے کو پسپا کردیا ہے اور شریفہ نامی گاؤں کو آزاد کرالیا ہے - دوسری جانب شامی فوج نے حلب کے مضافاتی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران مشرقی حلب کے مضافات میں متعدد علاقوں کو آزاد کرالیا ہے- اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ امریکا کی سرپرستی میں داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے طیاروں نے حلب کے مغربی مضافاتی علاقوں پر بمباری کی ہے جس میں متعدد افراد مارے گئے ہیں -