Jan ۲۹, ۲۰۱۷ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • بحرینی حکام کو مراجع تقلید کا سخت انتباہ

ایران کے بزرگ مراجع تقلید نے بحرین کے علما اور اکثریتی شیعہ مسلمانوں کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی ہے

بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ حسین نوری ہمدانی نے قم میں اپنے درس خارج کی تعطیل کرتے ہوئے بحرینی عوام کے پرامن مظاہروں کو کچلنے اور بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شان میں گستاخی پر مبنی آل خلیفہ حکومت کے اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی - انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ اورآل سعود کی حکومتیں صیہونیوں اور برطانوی حکومت کی مدد سے بحرین کی اکثریتی شیعہ آبادی کے قانونی مطالبے کو دبانے کی کوشش کررہی ہیں لیکن ان حکومتوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ بحرینی عوام کی آواز کو نہیں دباسکیں گی - آیت اللہ نوری ہمدانی نے عالمی ادروں سے کہا کہ وہ بحرینی عوام کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے جرائم پر اپنی خاموشی توڑیں اور بحرینی عوام کے حقوق کا دفاع کرکے انسانی حقوق کے تعلق سے اپنے نعرے کو عملی جامہ پہنائیں - ایران کے ایک اور بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ ناصرمکارم شیرازی نے بھی قم میں اپنے درس خارج کے اختتام پر بحرین کے علما اور اکثریتی شیعہ آبادی کے خلاف ظالمانہ اقدامات انجام دینے کے تعلق سے آل خلیفہ حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آل خلیفہ  کو چاہئے کہ وہ شاہ ایران اور لیبیا میں معمرقذافی کے انجام سے عبرت حاصل کرے اور اس کو جان لینا چاہئے کہ اس کا بھی انجام یہی ہونے والا ہے - ایران کے ایک اور مرجع تقلید آیت اللہ شیخ جعفرسبحانی نے بھی قم میں مقیم بحرینی علما اور طلبا کے اجتماع سے خطاب کے دوران بحرینی عوام کے انقلاب کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ بحرینی عوام اپنی قربانیوں اور جانفشانیوں کے بعد اپنے برحق مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے - انہوں نے کہا کہ انقلاب بحرین کا تحفظ کرکے اس کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے اور یہ انقلاب، بحرینی عوام میں زندہ و پایندہ رہنا چاہئے - آیت اللہ جعفرسبحانی نے بحرین کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کے حکومتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بزرگ عالم دین کا دفاع جو بحرین میں تشیع کے علمبردار ہیں سب پر واجب ہے-  دریں اثنا حوزہ علمیہ قم کے علما اور طلبا نے بھی اتوارکو دروس اور کلاسوں کی تعطیل کرکے مدرسہ فیضیہ میں اجتماع کیا اور بحرینی حکام کے غیر انسانی اقدامات کی مذمت کی - واضح رہے کہ گذشتہ جون میں  آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کے آل خلیفہ حکومت کے فیصلے پر بحرین کے اندر، علاقے اور عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے اور بحرینی عوام ، حکومت کے اس فیصلے کے خلاف مسلسل احتجاج اور اپنے حق کے حصول تک پرامن جد و جہد جاری رکھنے پر زور دے رہے ہیں -

 

ٹیگس