افغانستان کے صوبہ ہلمند میں دسیوں طالبان ہلاک اور زخمی
افغانستان کے صوبہ ہلمند میں سیکورٹی فورس اور فوج نے بیس سے زائد طالبان کو ہلاک کر دیا ہے
افغانستان سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ جنوبی صوبے ہلمند کے علاقے سنگین میں افغان فوج اور سیکورٹی فورس نے ایک کارروائی کے دوران چوبیس طالبان کو موت کے گھاٹ اتاردیا اس لڑائی میں طالبان کے پچیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں - خبروں میں کہا گیا ہے کہ صوبہ ہلمند میں فوج کے زمینی اور ہوائی حملوں میں انیس طالبان مارے گئے ہیں جبکہ طالبان کے پانچ عناصر بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوئے - افغانستان کے فوجی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ طالبان کے ساتھ لڑائی میں ایک افغان فوجی اہلکار بھی مارا گیا ہے جبکہ دو فوجی زخمی ہوئے ہیں - صوبہ ہلمند میں پینتیس ہزارافغان فوجی اور سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں لیکن حکام کے بقول ان میں آپس میں ہم آہنگی نہ ہونے کے سبب ابھی تک وہ طالبان کے مقابلے میں خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکے ہیں - علاوہ ازیں صوبہ ہلمند میں پائی جانے والی بدامنی کے سبب وہاں کے عام شہریوں خاص طور پر سن رسیدہ افراد اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں -