بحرینی عوام کے دھرنے کو سات ماہ کا عرصہ مکمل ہو گیا
شدید سردی اور سرکاری سطح پر دباؤ کے باوجود بحرین کے عوام اپنے ہردلعزیز رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق بحرین کے عوام پوری رات آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کے اطراف کی سڑکوں اور گلیوں میں بسر کرتے ہیں اور سیکورٹی اہلکاروں کو ان کے گھر کے قریب آنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔
دھرنے کے شرکا آیت اللہ عیسی قاسم کے خلاف حکومت کی جانب سے قائم کیے جانے والے جھوٹے اور سیاسی مقدمات ختم کرنے اور ان کی شہریت منسوخ کیے جانے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بحرین کے عوام کے حکومت مخالف دھرنے کو سات ماہ کا عرصہ مکمل ہو گیا ہے تاہم ان کے عزم میں ذرہ برابر بھی خلل واقع نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے الدیر کے علاقے کی بعض خواتین کو بغیر کوئی وجہ بتائے، تفتیش کے لیے پولیس اسٹیشن طلب کیا ہے۔
چند روز قبل بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکار، سماہیج اور دیر کے علاقے سے پرامن مظاہروں میں شرکت کرنے والی بعض خواتین کو گرفتار کرکے لے گئے تھے۔
بحرین میں فروری دو ہزارگیاہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام، شاہی حکومت کے خاتمے اور مکمل جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔