بحرین میں شاہی حکومت کے خلاف ملک گیر مظاہرے
بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں تین نوجوانوں کو شہید کئے جانے کی خبروں کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔
بحرین کے مشتعل عوام نے ملک کے مختلف علاقوں میں حکومت مخالف مظاہرے کرکے سیکورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔
آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے رضا الغسرہ ، محمود یحیی اور مصطفی عبدعلی نامی تین نوجوانوں کو ملک کے مشرقی علاقوں میں گولی مار کر شہید کردیا ہے۔
بحرین کے سیکورٹی اہلکاروں نے دعوی کیا ہے کہ تینوں نوجوان سمندر کے راستے غیر قانونی طریقے سے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ اس واقعے کے خلاف ہونےوالے مظاہروں میں شریک لوگوں پر آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔
آل خلیفہ کے کارندوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے چھرے والی گولیاں چلائیں اور اشک آور گیس کا استعمال کیا۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے جمعرات کو دعوی کیا تھا کہ جو قیدی الجو جیل سے فرار کرگئے تھے ان میں سے تین کو سمندر کے راستے فرار کرتے وقت گولی ماردی گئی ہیں جبکہ سات کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔