Feb ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • بحرینی مظاہرین پر سیکورٹی فورس کا حملہ

بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس نے مظاہرین کو شدید جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔

بحرین کے یہ مظاہرین جمعرات کے روز سیکورٹی فورس کے حملے میں شہید و زخمی ہونے والوں سے اپنی ہمدردی کا اظہار کر رہے تھے۔

سترہ کے علاقے میں کئے جانے والے  مظاہرے میں سیکورٹی فورس نے مظاہرین کے خلاف پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

بحرین کی سیکورٹی فورس کی جارحانہ کارروائی کے بعد مظاہرین اور سیکورٹی فورس کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

لوء لوء اور سنابس میں بھی اسی طرح کی جھڑپیں ہوئی ہیں۔ بلاد قدیم، ابوصبیع، نویدرات اور الدیہ میں بھی آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس نے مظاہرین کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔ سیکورٹی فورس نے سنابس میں بحرینی شہریوں کے گھروں پر حملہ کر کے کئی بحرینیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔

دوسری جانب یورپی پارلیمنٹ نے بحرین میں حکومت کی جانب سے مظاہرین اور سیاستدانوں کو سزائے موت دیئے جانے سے متعلق آل خلیفہ حکومت کے اقدام کی مذمت کی ہے۔

پریس ٹی وی کے مطابق یورپی پارلیمنٹ نے جمعے کو ایک قرارداد میں بحرین میں سزائے موت دیئے جانے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے آل خلیفہ حاومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی مخالفین کی سرکوبی کرنا بند کردے۔

یورپی یونین کے اس ادارے نے بحرین کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے اقوام متحدہ کے رپورٹر کو بحرین جانے کی دعوت دے۔

یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بحرین میں حکومت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی ہونے والی خلاف ورزی کے سلسلے میں سخت رویہ اختیار کرے۔

یورپی پارلیمنٹ نے اس قراداد میں مطالبہ کیا ہے کہ بحرین کی حکومت، نبیل رجب کو رہا کرے، بحرینی عام شہریوں کے خلاف طاقت کا استعمال بند کرے اور بحرینی شہریوں کی شہریت سلب کرنے سے باز آجائے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی منگل کے روز ایک بیان میں بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں انسانی المیہ رونما ہونے کے سلسلے میں انتباہ دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف بحرینی عوام کا احتجاج جاری ہے۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات، جمہوری حکومت اور انصاف کے قیام، نیز امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں بحرینی عوام کے پرامن مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ آل خلیفہ حکومت، ان مظاہروں کو پسپا کرنے کے لئے سعودی فوجیوں کی مدد سے طاقت کا استعمال کر رہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک دسیوں بحرینی شہید و زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس نے ہزاروں عام شہریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر دیا ہے۔

 

 

 

ٹیگس