آل خلیفہ کی سیکورٹی فورس کے ہاتھوں ایک اور نوجوان کی شہادت کے بعد بحرین میں مظاہرے
منامہ میں آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس کے ہاتھوں ایک اور نوجوان کی شہادت کے بعد بحرینی عوام نے وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس نے نویدرات میں بحرینیوں پر بلااشتعال فائرنگ کر دی جس میں عبداللہ العجوز نامی ایک نوجوان شہید ہو گیا۔اس واقعے کے بعد نویدرات اور المعامیر کے لوگوں نے شہید ہونے والے اس بحرینی نوجوان اور بحرین کے معروف عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی تصاویر ہاتھوں میں لے کر وسیع پیمانے پر احتجاج کیا۔مظاہرین نے آل خلیفہ حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور بحرینی انقلابیوں کی سرکوبی کی شدید مذمت کی۔آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے بحرینی مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کا بھی استعمال کیا۔قابل ذکر ہے کہ بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف فروری دو ہزار گیارہ سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرین کے عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات، جمہوریت کے قیام اور انصاف و آزادی نیز امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جبکہ آل خلیفہ حکومت، سعودی عرب کے فوجیوں کی مدد سے ان مظاہرین کے خلاف مسلسل طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔