جنگ یمن پر سعودی عرب اور کویت کا اختلاف
جنگ یمن کے بے تحاشا اخراجات پورے کرنے کے لئے کویت اور سعودی عرب کے درمیان اختلاف پیدا ہو گیا۔
عرب پریس ذرائع کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق جنگ یمن کے بے تحاشا اخراجات کو پورا کرنے کے لئے کویت کی شرکت کے بارے میں سعودی حکام کی درخواست کے بعد کویت اور سعودی عرب میں سخت اختلاف ہو گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہ سلمان کے بیٹے محمد بن سلمان نے جنگ یمن سے متعلق کئی ارب ڈالر کے اخراجات کو پورا کرنے سے متعلق کویت سے درخواست پر اس ملک کی مخالفت کے بعد سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ یمن کے سرکاری ذرائع کے اعلان کے مطابق سعودی عرب کی درخواست کے بعد کویت نے جنگ یمن سے متعلق سعودی عرب کی پالیسیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنگ یمن کے اخراجات کو پورا کرنے میں شریک نہیں ہو گا۔
سعودی عرب نے دو ہزار سترہ میں اپنا فوجی بجٹ بڑھاتے ہوئے پچاس ارب، اسّی کروڑ ڈالر تک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب کے تقریبا دو برسوں سے جاری حملوں میں ریاض نے بیس لاکھ سے زائد مختلف قسم کے بم اور میزائل استعمال کئے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک گیارہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید ہو چکے ہیں۔