سعودی عرب امریکہ کے تعاون سے جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ صالح صماد نے کہاہے کہ سعودی عرب امریکہ کے تعاون سے جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔
یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کے مطابق دارالحکومت صنعا میں، انسانی امداد سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن اوبرائن سے بات چیت کرتے ہوئے، صالح صماد نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ یمن کے مظلوم عوام کی حمایت کرے۔یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے یہ بات کھل کر کہی کہ، امریکہ کے ایف سولہ طیاروں اور برطانیہ کے فراہم کردہ بموں کے ذریعے، یمن کے رہائشی علاقوں، مجالس ترحیم، شادی کی تقریبات ، اسپتالوں اور اسکولوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے یمن کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ ختم کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔انسانی امداد سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن اوبرائن نے اس موقع پر کہا کہ یمن کے مسئلےکو سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جاسکتا ہے اور یمنی عوام کی مشکلات حل کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔