شام: تدمر پر حملے میں داعش کی ناکامی
شام میں داعش دہشت گرد گروہ، القلمون کے علاقے سے شہر تدمر پر حملہ کرنے میں ناکام ہو گیا۔
شامی ذرائع کے مطابق شہر تدمر پر داعش دہشت گرد گروہ حملہ کرنے میں ناکام ہو گیا ہے جبکہ حمص میں حی الوعر کےعلاقے سے انخلا کے بارے میں سمجھوتے کو حتمی شکل دینے میں روس کے مصالحتکار وفد کی کوشش کی بھی اطلاع ہے -شام کے ایک فوجی ذریعے نے اس سلسلے میں فارس خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی فوج، حمص میں القلمون کی طرف سے تدمر پر حملہ کرنے کی داعش دہشت گرد گروہ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مشرقی علاقوں میں داخل ہو گئی ہے اور اس وقت الصوامع سے سات کلومیٹر کے فاصلے پر شامی فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔اس فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ حمص میں شامی فوج کے ماہرین نے تدمر کے مغربی علاقے سے بارودی سرنگوں کا صفایا کر دیا ہے اور تدمر کے مغربی علاقے کے لوگ اب اپنے گھروں کو واپس لوٹ رہے ہیں جبکہ اس علاقے میں سخت حفاظتی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔حی الوعر کے ایک سیکورٹی ذریعے کا بھی کہنا ہے کہ رواں ہفتے میں اس علاقے میں مذاکراتی کمیٹی، روسی وفد سے مذاکرات کرے گی تاکہ اس علاقے سے دہشت گردوں کو نکال باہر کئے جانے کے مسئلے کے بارے میں غور کیا جاسکے۔