بحران یمن کے سیاسی حل میں سعودی عرب کی رخنہ اندازی
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب، بحران یمن کے سیاسی حل میں رخنہ اندازی کر رہا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولدالشیخ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی جارحین، یمن میں قیام امن کے لئے کی جانے والی کوششوں میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ یمنی عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ اور اس ملک کا محاصرہ، قیام امن میں بڑی رکاوٹ ہے اور اس کے ذمہ دار سعودی جارحین ہیں۔انھوں نے یمن کے بحران کے سیاسی حل کے لئے عالمی برادری کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یمنی فریق نے مسقط مذاکرات میں جو مواقف بیان کئے ہیں وہ ان پر قائم ہے۔قابل ذکر ہے کہ سعودی حکومت نے یمن میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں طے پانے والے فائربندی کے تمام سمجھوتوں کی خلاف ورزی کی ہے اور اسی نے مذاکرات کو بھی شکست سے دوچار کیا ہے جبکہ وہ اسی کو حربے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے یمن میں اپنی جارحانہ کاررائیاں جاری رکھنا چاہتی ہے۔