اسرائیل اور امریکہ اسلامو فوبیا میں مبتلا
علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کو اسلامو فوبیا ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے ان ممالک میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔
شیعہ علماء کونسل پنجاب پاکستان کے صدرعلامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی پارلیمنٹ کی طرف سے لاوڈ سپیکر پراذان دینے پر پابندی کی قانون سازی کی مذمت کی انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کو اسلامو فوبیا ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ان ممالک میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔
علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ اسلام اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ اور آخری دین ہے ، جسے آخری نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا میں پھیلاتے رہے، اللہ تعالیٰ نے جتنے پیغمبر بھیجے ان سب پر ایمان رکھے بغیر ہم مسلمان ہی نہیں کہلوا سکتے مگر یہودی صیہونی اور مسیحی ریاستیں اسلام سے خائف ہوکر اذان پر پابندی عائد کرنے کی ناپاک جسارت کر رہی ہیں، جس میں یہ اسرائیلی پارلیمنٹ اور امریکی انتظامیہ کامیاب نہیں ہوں گی۔
شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر کا کہنا تھاکہ مذہبی آزادی دینے کا دعویدار امریکہ کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے واضح ہوچکا ہے کہ ٹرمپ اسلام کے بارے میں کتنا تعصب رکھتا ہے۔
علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ دنیا بھر میں توحید و نبوت کی گواہی کی اذانیں گونجتی ہیں، اسرائیل نے اذان پر پابندی لگا کر سوائے بدنامی کے کچھ حاصل نہیں کیا اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ صیہونیت اسلام سے کتنی خائف ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کامیاب ہوگی اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کی تباہی و بربادی کے دن قریب ہیں۔