دہشت گرد معدوم بعثی حکومت کے پیرو ہیں، عراقی وزیراعظم
عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کی ایسی نسل کے ساتھ جنگ کررہے ہیں جو معزول بعثی حکومت کی پیرو ہے۔
العراقیہ ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے حلبچہ پر عراق کے معدوم ڈکٹیٹر صدام کی فوج کے ذریعے کئے گئے کیمیائی حملے میں شہید عراقیوں کی یاد میں منعقدہ پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنے جرم کا بد نما داغ، اس کے ذمہ داروں کی پیشانی پر ہمیشہ باقی رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی حلبچہ کے سانحے کو یاد کیا جاتا ہے، عراقی عوام میں اتحاد اور یگانگت کا جذبہ اور بھی مستحکم ہوتاہے۔
عراقی وزیراعظم نے کہا کہ آج عراقی عوام آزادی اور جمہوریت کی نعمت سے بہرہ مند ہیں اور سبھی عراقی شہری اتحاد و یکجہتی پر زور دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سولہ مارچ انیس سو اٹھاسی کو صدام کی بعثی حکومت کے فوجیوں نے عراقی شہر حلبچہ پر کیمیائی بمباری کردی تھی جس میں پانچ ہزار عام شہری شہید ہوگئے تھے۔