بحران شام کے حل کے لیے، ایران ترکی اور روس کی کوششوں کی حمایت
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے، بحران شام کے حل کے لیے ، ایران، روس اور ترکی کی مشترکہ کوششوں کی ایک بار پھر حمایت کی ہے۔
جنیوا میں امن مذاکرات کے آغاز کے موقع پر اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی مستورا نے، روس، ایران اور ترکی پر زور دیا کہ وہ بحران شام کے حل کے حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امن مذاکرات کے آغاز پر شام میں لڑائیاں بدستور جاری ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ نامساعد حالات کے باوجود تمام گروہوں نے جنیوا مذاکرات میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے کہا کہ مذاکرات کے تمام فریقوں نے چارنکاتی ایجنڈے پر بیک وقت بات چیت پر بھی اتفاق کیا ہے جو خوش آئند ہے۔قابل ذکر ہے کہ شام کے بارے میں جنیوا پانچ کانفرنس جمعرات تیئیس مارچ سے شروع ہوگئی ہے جس میں شام کی جنگ میں الجھے تمام گروہ شریک ہیں