اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینیوں کی بھوک ہڑتال جاری
صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال گیارہویں روز میں داخل ہو گئی ہے جبکہ غرب اردن کے مختلف شہروں اور سنہ اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے مظاہرے جاری ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں نے بدھ کے روز سنہ اڑتالیس کے مقبوضہ علاقے حیفا کے جنوب میں اجتماع کیا اور بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان قیدیوں کے انسانی اور منصفانہ مطالبات پر اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔
صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ان کے قانونی مطالبات پورے نہیں ہو جاتے ان کی بھوک ہڑتال ختم نہیں ہو گی۔
دریں اثنا عالمی ریڈکراس کمیٹی کے اراکین، بدھ کے روز پہلی بار صیہونی حکومت کی جیلوں میں داخل ہوئے تاکہ بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کی صورت حال سے آگاہ اور ان کے مطالبات اور مسائل و مشکلات کا جائزہ لے سکیں۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں بند ڈیڑھ ہزار سے زائد فلسطینیوں نے سترہ اپریل سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔