May ۱۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • داعش کا موصل سےعنقریب خاتمہ

عراقی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عثمان الغانمی نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں داعش سے موصل کا قبضہ چھڑالیں گے اور رمضان المبارک سے قبل ہی شہر سے داعش کا خاتمہ ہوجائے گا ۔

عراقی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جاری آپریشن میں انہیں شہر کے محدود حصے تک دھکیل دیا ہے اور امید ہے کہ رمضان المبارک سے قبل شہر کا قبضہ چھڑاتے ہوئے داعش دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے نویں آرمڈ ڈویژن، ریپڈ ایکشن فورس اور عوامی رضا کار فورسز کی جانب سے شہر کے شمالی حصے میں بھرپور طاقت سے دہشت گردوں کو کچلنے کے لئے حملہ کیا جہاں تقریبا 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد شہری محصور ہیں۔ جاری آپریشن میں سیکڑوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق موصل میں جنگ کے دوران اب تک 8 ہزار شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں ۔

عراقی حکام کے مطابق موصل میں دہشت گرد گروہ داعش کے ظلم و ستم کی وجہ سے 6 لاکھ 20 ہزار شہری نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں بیشتر متاثرین نے مہاجرین کے لئے قائم کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔

ٹیگس