شام میں امریکی طیاروں کا حملہ، بیس عام شہری جاں بحق
May ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۳:۵۴ Asia/Tehran
امریکی اتحاد کے طیاروں نے شام کے شمالی شہر رقہ پر بمباری کر کے کم سے کم بیس عام شہریوں کو موت کی نیند سلا دیا-
شام سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات ایک گاڑی پر جو عام شہریوں کو رقہ سے باہر منتقل کر رہی تھی، حملہ کر دیا جس میں بیس عام شہری جاں بحق اور سات دیگر زخمی ہو گئے-
زخمیوں کو دریائے فرات کے راستے کشتی کے ذریعے رقہ شہر کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا-
اس سے پہلے شام سے متعلق انسانی حقوق کے مرکز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تئیس اپریل سے تئیس مئی کے درمیان شام اور عراق میں امریکی ہوائی حملوں میں دو سو پچیس سے زائد عام شہری جاں بحق ہوئے ہیں-
واضح رہے کہ داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد نے اگست دو ہزار چودہ میں اپنے حملوں کا آغاز کیا تھا جس میں زیادہ تر عام شہری ہی مارے جا رہے ہیں-