ایران نے افغانستان کے زلزلہ زدہ علاقوں کے لئے امدادی کھیپ بھیج دی
ایران نے افغانستان میں آنے والے حالیہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لئے پہلی امدادی کھیپ بھیج دی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان کے صوبہ سمنگان کے ضلع خُلم میں حالیہ زلزلے کے بعد پہلی امدادی کھیپ مقامی حکام کے حوالے کر دی ہے جس میں ادویات اور خیمے شامل ہیں۔
مزار شریف میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل حمید رضا احمدی نے سمنگان کے دورے کے دوران افغان عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر مزید امداد بھیجی جائے گی۔
اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے سوشل نیٹ ورک "ایکس" پر اپنے اکاؤنٹ میں ایک پیغام میں لکھا تھا کہ شمالی افغانستان کے بعض علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے، جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق ہوئے اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، ہمیں بہت افسوس اور دکھ ہوا۔
پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ نے مزید لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران افغان حکومت، عوام اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئےدعاگو ہے۔