راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن اور مرکزی حکومت پر ووٹ چوری کا الزام لگا دیا
ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک بار پھر مرکزی حکومت اور قومی انتخابی کمیشن پر وسیع پیمانے پر ووٹ چوری کا الزام لگایا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: راہل گاندھی نے بدھ کو نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ووٹوں کی چوری صرف مخصوص حلقوں اور بعض ریاستوں تک محدود نہیں ہے بلکہ قومی سطح پر یہ سلسلہ جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ ہریانہ میں پچیس لاکھ ووٹوں کی چوری سے بی جے پی کو اقتدار میں لایا گیا۔راہل گاندھی نے اس حوالے بعض دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو ثبوت پیش کررہے ہیں، اس سے بقول ان کے ثابت ہوجاتا ہے کہ ہریانہ میں انتخابات نہیں کرائے گئے بلکہ جمہوریت کو سبوتاژ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہریانہ ميں جمہوریت کو تباہ کرنے میں قومی الیکشن کمیشن، وزیر اعظم، وزیر اعظم داخلہ اور بی جے پی سبھی شامل ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان کے پاس ہریانہ میں ووٹوں کی چوری کے پختہ ثبوت موجود ہیں۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ اسی طرح چھتیس گڑھ اور مہا راشٹرا میں بھی بقول ان کے منظم طریقے سے ووٹوں کی چوری کرکے بی جے پی کو اقتدار تک پہنچایا گیا۔