شام: رقہ میں الحباری آئل فیلڈ کو آزاد کرا لیا گیا
شامی فوج نے رقہ کے جنوب مغربی مضافاتی علاقے میں الحباری آئل فیلڈ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیاہے
المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے پہلے جمعرات کو رقہ کے علاقے میں تیل سے مالا مال تین علاقوں کو آزاد کرایا تھا اور جمعے کے روز شمالی شام کے علاقے میں تیل سے مالامال الحباری علاقے کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔اس سے قبل شامی فوج نے الثورہ نامی آئل فیلڈ کے علاوہ الرصافہ، الصفیح اور صفیان نامی علاقوں کو بھی آزاد کرایا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ رقہ کے جنوب مغربی علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج اور عوامی رضاکاروں کی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔دوسری جانب شام کی فضائیہ نے دیرالزور کے مضافاتی علاقوں مراط اور حطلہ میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ دیرالزور کے جنوب مشرق میں حویجہ صکر اور اسی طرح شہر دیرالزور کے علاقے الکنامات میں داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا۔ان حملوں میں دسیوں دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کو بھاری نقصان پہنچا۔