شامی افواج کا وسیع پیمانے پر آپریشن
شامی افواج نے دارالحکومت دمشق کے شمال مشرق میں عین ترما اور جوبرعلاقوں میں جوبر کو مشرقی غوطہ سے جدا کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق شامی فوج نے عین ترما کو دہشتگردوں کی آخری مستحکم پناہ گاہ جوبر سے الگ کرنے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا ہے اور اس علاقے میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
عین ترما وہ علاقہ ہے جہاں سے دمشق اور اس کے اطراف میں دہشتگردانہ حملوں کا آغاز ہوا تھا۔ دہشتگردوں نے اس علاقے میں بہت سی سرنگیں بنائی ہوئی ہیں اور ان کے ذریعے سے مشرقی غوطہ کے آخری حصے خصوصا دوما شہر تک آمد و رفت کرتے ہیں۔ اس شہر پر شامی فوج کے تسلط سے دہشتگردوں کا رابطہ ختم ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ شامی فوج نے کچھ عرصہ قبل ایک فوجی آپریشن کے دوران القابون کو دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا تھا۔
القابون کی آزادی میں جبھۃ النصرہ اور فیلق الرحمن جیسی دہشتگرد تنظیموں کے 1000 سے زیادہ دہشتگرد ہلاک ہوئے اور متعدد نے فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے تھے۔