افغان فوج کی کارروائی، درجنوں داعشی اور طالبان ہلاک و زخمی
افغانستان کی وزارت داخلہ نے مشرقی اور شمالی افغانستان میں دسیوں دہشت گردوں اور طالبان عناصر کے ہلاک و زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے۔
افغانستان کی وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ پکتیا اور جوزجان صوبوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہونے والے فضائی حملوں میں پانچ داعشی دہشت گرد ہلاک اور تیرہ دیگر زخمی ہو گئے۔
ان حملوں میں دہشت گردوں اور طالبان کا فوجی ساز و سامان بھی تباہ ہو گیا۔
افغان فوج نے گذشتہ دو دن کے دوران مختلف صوبوں میں دہشت گردوں کے خلاف مختلف کارروائیاں کی ہیں جن میں تئیس داعشی دہشت گرد اور بائیس طالبان عناصر ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب قندوز میں افغان فوج نے طالبان گروہ کا حملہ پسپا کر دیا۔
صوبے قندوز کے علاقے دشت ارچی کی مقامی انتظامیہ کے سربراہ نصرالدین نظری نے اعلان کیا ہے کہ طالبان نے ہفتے کی صبح افغان فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم اس حملے کو پسپا کر دیا گیا جس میں طالبان گروہ کے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جن میں ایک سرغنہ بھی شامل ہے۔