بیت المقدس اور فلسطین امت مسلمہ کی اہم امنگ و آرزو ہے، اسماعیل ہنیہ
فلسطین کی تحریک حماس کے سربراہ نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی اصل امنگ و آرزو بیت المقدس اور فلسطین ہے، جسے بعض سرد خانے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اتوار کے روز مشہد مقدس میں اسلامی ملکوں کے ریڈیو ٹی وی یونین کے نویں اجلاس سے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ امت مسلمہ کو اس وقت سب سے زیادہ اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے اس لئے کہ مسلمانوں کو بہت سے مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ اسلامی استقامت ایک بڑی حکمت عملی ہے کہ جس کے ذریعے عالم اسلام کے اہم مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں خاص طور سے ایسی حالت میں کہ دشمنان اسلام، مسلمانوں میں اختلاف و تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ نے کہا کہ صحیح و بامقصد ذرائع ابلاغ کے پروپیگنڈے کے ذریعے تکفیری مقاصد کو واضح کیا جاسکتا ہے جس سے عوام کو اس بات کی مدد ملتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ آگاہی کے ساتھ قدم اٹھائیں اور آگے بڑھیں اور مسلمانوں میں اتحاد و یکجہتی کے زیرسایہ ہی مستقبل کو درخشاں بنایا جاسکتا ہے۔