امن علاقوں کے بارے میں سمجھوتے پر عمل کا جائزہ لے رہے ہیں، بشار جعفری
آستانہ مذاکرات میں شامی وفد کے سربراہ بشار جعفری نے کہا ہےکہ کشیدگی سے عاری علاقوں کے بارے میں سمجھوتے کو عملی جامہ پہنائے جانے کی ضرورت ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق آستانہ مذاکرات میں شامی وفد کے سربراہ بشار جعفری نے منگل کی رات آستانہ میں ایرانی وفد کے ساتھ مشترکہ نشست کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو میں کہا کہ شامی وفد نے اس سمجھوتے کے بارے میں ایران و روس کے وفود سے ہونے والی ملاقات میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
شامی وفد نے ایران و روس کے وفود کے ساتھ چار مشترکہ نشستیں انجام دی ہیں۔
ایران کے نائـب وزیر خارجہ اور آستانہ میں بحران شام سے متعلق مذاکرات میں شریک ایرانی وفد کے سربراہ حسین جابری انصاری نے منگل کے روز اقوام متحدہ، روس اور شام کے نمائندہ وفود کے سربراہوں سے الگ الگ ملاقات کی۔
واضح رہے کہ بحران شام کے حل کے حوالے سے آستانہ میں پانچویں دور کے مذاکرات شروع ہو گئے۔