غاصب صیہونی فوجیوں کے حملے میں 3 فلسطینی شہید
قدس کی غاصب اور جابرصیہونی حکومت کی جارحیت مظلوم فلسطینیوں کے خلاف جاری ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غاصب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر جنین میں حملہ کر کے 2 فلسطینوں کوشہید اور 3 کو زخمی کردیا۔
یہ ایسے میں ہے کہ کل بھی مقبوضہ سر زمین کے نتانیا شہر کے بیت اسحاق علاقے میں ایک فلسطینی غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہوا تھا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی فوجیوں نے منگل کی صبح رام اللہ، قلقیلیا، اور الخلیل سے پندرہ فلسطینیوں کو اغوا کرلیا جبکہ ایک اور اطلاع کے مطابق صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس شہر میں زیر تعمیر ایک فلسطینی شہری کے گھر کو بلڈوزوں کے ذریعے مسمار کردیا ہے۔
در ایں اثنا فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جنوبی بیت المقدس کے سلوان ٹاون میں بھی جھڑپ ہوئی۔
نہتے فلسطینوں نے پتھروں اور پیٹرول بموں کے ذریعے جدید ترین اسلحہ سے لیس اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں دو صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔