سامراجی طاقتیں اسلامی ممالک کو تقسیم کرنے کی پالیسی پر گامزن
عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ موصل میں دہشت گردوں کی شکست عراقی فورسز اور رضاکار دستوں کی کامیابی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صحافیوں کی ایک ٹیم نے عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے ملاقات کی اس ملاقات میں عراقی وزيراعظم نے کہا کہ سامراجی طاقتیں اسلامی ممالک کو پہلے ہی چھوٹے چوٹھے حصوں میں بانٹ چکی ہیں اور اب وہ اسلامی ممالک کومزید تقسیم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں ۔
عراقی وزيراعظم حیدر العبادی نے اس ملاقات میں دہشت گردوں پر فتح کو دہشت گردی کے خلاف متحدہ محاذ کی فتح قراردیتے ہوئے کہا کہ موصل میں دہشت گردوں کی شکست اور عراقی فورسزاور رضاکار دستوں کی کامیابی عراقی عوام کے اتحاد کی مرہون منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر فتح عراقی اقوام اور قبائل کے باہمی اتحاد کے سائے میں حاصل ہوئی ہے اور عراقی قوم باہمی اتحاد کے سائے میں عراق کی پیشرفت اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے گی۔
عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ رضا کار فورسز عراقی قوم کا حصہ ہے جن کا عراق کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں اہم کردار ہے اور عراق کی رضاکار فورسز آئندہ بھی عراق میں اپنا کردار اسی طرح ادا کریں گی۔
عراق کے وزير اعظم حیدر العبادی نے کردستان میں ریفرنڈم کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کردستان میں ریفرنڈم غیر قانونی ہونے کے ساتھ مشکلات کا باعث بھی بنے گا۔