شام و اردن کے مشترکہ سرحدی علاقے میں 35 دہشت گرد ہلاک و زخمی
شام اور اردن کے سرحدی علاقے پر جیش الاسلام نامی دہشت گرد گروہ کے کیمپ میں ہونے والے دھماکے میں کم سے کم تیئیس افراد ہلاک اور بارہ زخمی ہوئے ہیں
ارنا نے اسکائی نیوز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ آج علی الصبح سرحدی قصبے نصیب کے قریب جیش الاسلام نامی دہشت گرد گروہ کے کیمپ میں ایک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تیئیس دہشت گرد ہلاک اور کم سے کم بارہ زخمی ہوگئے جن میں اکثر کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے- جیش الاسلام دہشت گرد گروہ، مشرقی غوطہ ، مشرقی قلمون ، حماہ اور حمص میں سرگرم ہے- یہ گروہ مشرقی غوطہ میں ہونے والی جنگ میں ایک اصلی فریق ہے اور اب تک اس کے ڈیڑھ سو دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں- صوبہ السویدا کے وسیع پہاڑی مضافاتی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے بعد شامی فوج نے سرحدی علاقوں سے دہشت گردوں کا پوری طرح صفایا کر دیا ہے اور اب صورت حال دہشت گردوں کے قبضے سے پہلے جیسی ہوگئی ہے اور شام و اردن کے تمام مشترکہ سرحدی علاقے اور فوجی چوکیاں شامی فوج کے مکمل کنٹرول میں ہیں خبروں کے مطابق درعا و مشرقی غوطہ میں دہشت گردوں کی سپلائی لائن کاٹ دی گئی ہے-