Aug ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۷:۴۷ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں کے حملے میں ایک فلسطینی شہید درجنوں زخمی

غرب اردن کے مختلف علاقوں میں پرامن فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوجیوں کے تشدد اور فائرنگ میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ۔

عینی شاہدین کے مطابق اسرائيل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف ہونے والے ان مظاہروں میں شریک فلسطینیوں پر، صیہونی فوجیوں نے آنسوگیس کے گولے پھینکے اور بعدازاں فائرنگ شروع کردی۔پرامن مظاہرے میں شریک فلسطینی شہری، اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات اور غرب اردن میں نئی صیہونی بستیوں کی تعمیر کی مذمت میں نعرے لگا رہے تھے۔فلسطینی شہریوں نے غرب اردن میں اپنے غصب شدہ مکانات اور زمینوں کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا۔درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے نابلس میں ایک فلسطینی نوجوان گولی مار کر شہید کردیا ہے۔ صیہونی فوجیوں کا دعوی ہے  کہ شہید ہونے والا فلسطینی نوجوان ان پر چاقو سے حملہ کرنا چاہتا تھا۔مذکورہ فلسطینی نوجوان کی شہادت کے بعد اکتوبر دوہزار پندرہ سے اب تک مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری تحریک انتفاضہ کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تین سو ستر سے تجاوز کرگئی ہے۔امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سرزمین فلسطین میں اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔اسرائيل کی جانب سے آئے دن فلسطینیوں کی اراضی ضبط اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے نئے نئے منصوبوں کا اعلان کیا جارہا ہے۔اسرائيل کی جانب سے نئي صیہونی بستیوں کی تعمیر کا اعلان ایسے وقت میں کیا جارہا ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تئيس دسمبر دوہزار سولہ کو ایک قرار داد کے ذریعے اسرائیل کو نئی بستیوں کی تعمیر روکنے کا حکم دیا تھا۔

ٹیگس