Dec ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • غزہ میں بنا بمباری کے قتل عام،  8 ماہ کی ایک شیر خوار بچی بھی جاں بحق

غزہ کی پٹی میں امدادی سامان کا راستہ روک کر صہیونی رژیم نے بھوک اور پیاس سے قتل عام کیا تھا اب شدید طوفان، بارش اور جما دینے والی سردی میں محفوظ اور گرم پناہ گاہ نہ ہونے کی وجہ سے صرف 24 گھنٹوں کے اندر 14 بے گھر فلسطینی پناہ گزین سردی کی وجہ سے اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: تفصیلات کے مطابق، غزہ کی پٹی میں شدید طوفان اور بارش کے ساتھ ساتھ جما دینے والی سردی کے باعث صرف 24 گھنٹوں کے اندر 14 بے گھر فلسطینی پناہ گزین سردی کی وجہ سے اپنی جانیں گنوا بیٹھے ہیں۔

اس کے علاوہ، شمالی غزہ میں بئر النعجہ کے علاقے اور الرمال محلے اور الشاطئ کیمپ میں عمارتیں گرنے سے مزید 9 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

خان یونس میں شدید سردی کی وجہ سے ایک فلسطینی بچہ اور غزہ شہر میں 2 مزید بچے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شہاب نیوز ایجنسی نے بھی اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی پانی کے گڑھے میں تبدیل ہو چکی ہے۔

گزشتہ روز، غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا تھا کہ درجہ حرارت میں شدید کمی اور بارش کا پانی پناہ گزینوں کے خیموں میں داخل ہونے سے بچوں، بزرگوں اور بیماروں کی جانیں موت کے خطرے سے دوچار ہو گئی ہیں۔

منیر البرش نے مزید کہا کہ بدھ کی صبح سے، شدید بارشوں نے غزہ کے مختلف علاقوں میں ہزاروں خیموں کو ڈبو دیا ہے، اور یہ صورتحال اس وقت پیش آ رہی ہے جب پناہ گزین بنیادی سہولیات کی شدید قلت، اہم خدمات کی عدم موجودگی، اور اسرائیلی محاصرے سے نبرد آزما ہیں۔

انہوں نے اظہار خیال کیا کہ کوئی بھی موسمیاتی نظام کمزور طبقات کے لیے ایک براہ راست خطرہ بن جاتا ہے، اور درجہ حرارت میں کمی شدید لرزش، ہائپوتھرمیا اور سانس کے مسائل کا سبب بنتی ہے، جو خاص طور پر ان حالات میں موت کا باعث بن سکتی ہے جہاں غزہ کے لوگ قحط اور کمزور مدافعت کا سامنا کر رہے ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ خیموں کے اندر نمی اور پانی کے رساؤ نے سانس کی بیماریوں کے پھیلاؤ کے لیے ایک مناسب ماحول پیدا کر دیا ہے، جبکہ مریض ادویات اور علاج کی خدمات تک رسائی سے محروم ہیں۔

دوسری طرف، غزہ میں طبی ذرائع نے جمعرات کو اعلان کیا کہ خانیونس شہر میں 8 ماہ کی ایک شیر خوار بچی شدید سردی کے باعث جاں بحق ہو گئی۔ اس شیر خوار کے خاندان کا خیمہ بارش کے پانی کے رساؤ سے متاثر ہوا تھا اور خراب موسمی حالات نے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔

ٹیگس